کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے جمعرات کی رات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے”عوامی ایجنڈے“کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کرک کا اچانک دورہ کیا۔ ان کے اس دورے کا مقصد مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا، طبی آلات کامعائنہ کرنا اور مریضوں کی بہترین دیکھ بھال یقینی بنانا تھا۔کمشنر کوہاٹ نے اس دوران ہسپتال میں نائٹ ڈیوٹی پر معمور طبی عملے کی حاضری چیک کرنے کے علاوہ فارمیسی، ایمرجنسی و دیگر وارڈز کا بھی جائزہ لیا۔وہ مریضوں سے بھی ملے اور ان سے ہسپتال کی جانب سے دی جانے والی سہولیات اور خدمات کے بارے میں دریافت کیا۔ کمشنر نے ہسپتال میں دستیاب طبی آلات اور دیگر سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر کرک شکیل احمد جان بھی دورے کے موقع پر کمشنر کوہاٹ کے ہمراہ تھے۔ معتصم بااللہ شاہ نے ہسپتال کے مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور فراہم کی جانے والی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد کمشنر کوہاٹ نے ہنگامی بنیادوں پر جمعہ کو اپنے دفتر میں متعلقہ افسران کا اجلاس طلب کر لیا تاکہ مریضوں کیلئے طبی سہولیات میں مزید بہتری لانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔