مہمند (مانند نیوز)ضم اضلاع انٹر اکیڈمیز گیمز2024کے سلسلے میں منعقدہ کرکٹ فائنل میں ضلع مہمند نے ضلع خیبر کی ٹیم کو چھ رنز سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس پیر عبداللہ شاہ مہمان خصوصی تھے جبکہ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع رضی اللہ خان بیٹنی، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس ذاکراللہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فیصل جاوید، راحید گل ملاگوری سمیت دیگر شخصیات موجودتھیں۔ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ضم اضلاع انٹر اکیڈمیز گیمز کے سلسلے میں کرکٹ کا فائنل میچ ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے درمیان کھیلا گیا جس میں مہمند نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔واضح رہے کہ ضم اضلاع کیلئے کرکٹ،فٹ بال اور بیڈ منٹن کے کھیلوں کے حوالے سے منعقدہ ان گیمز کا افتتاح 14 اگست کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کیا تھا جو 18 اگست تک جاری رہے۔ان میں 7 ضم اضلاع اور 6 سب ڈویژنز کے 455 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔