دیر بالا (مانند نیوز)دیر بالا میں اے سی شرینگل آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاگیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے گوڈ گورننس عوامی ایجنڈا کے تحت ڈپٹی کمشنر دیر بالا نوید اکبر کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر شرینگل محمد بلال نصیر کے زیر صدارت اے سی آفس شرینگل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شرینگل، تحصیل میونسپل آفیسر شرینگل، تحصیل چیئرمین شرینگل، تحصیلدار شرینگل، تحصیلدار کلکوٹ سمیت تمام محکموں کے سربراہان، علاقہ مشران اور عام لوگ کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر شرینگل نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوام اور تحصیل انتظامیہ کے درمیان فاصلے ختم کرنے ہیں اور ان کے مسائل کو ان کے دہلیز پر حل کرناہے۔ عوام کو درپیش مسائل اور شکایات پر فوری ایکشن لیا جائیگا۔اس موقع پر انہوں نے عوامی مسائل غور سے سُن کر متعدد مسائل موقع پر حل کردئے جبکہ بیشتر مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کردئے اور ان کو ہدایت کی گئی کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔