کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے اتوار کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“ کے تحت کوہاٹ، ہنگو اور اورکزئی کے اضلاع کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔کمشنر کوہاٹ نے ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کی زیر نگرانی علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال پر ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کے چیف ایگزیکٹیو کے خلاف اعلیٰ حکام کو کارروائی کی سفارش کر دی جبکہ ڈبلیو ایس ایس سی کے علاقوں سے گندگی کے ڈھیر ٹی ایم اے کوہاٹ نے ہٹا دیئے۔اسی طرح کمشنر کوہاٹ معتصم باللہ نے اورکزئی ایجنسی میں اچانک دورے کے موقع پر ایگریکلچر ایکسٹنشن کے نرسریوں میں 50 ہزار سے زائد قابل کاشت پودے کاشت نہ کرنے اور صفائی کی ناقص صورتحال پر 22 ملازمین سے ایک دن کی تنخواہ کی کٹوتی جبکہ ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹنشن کوہاٹ کے خلاف تادیبی کارروائی کیلئے سیکرٹری ایگریکلچر سے رابطہ کیا گیا۔کمشنر کوہاٹ نے کوہاٹ ڈویژن کے تمام سرکاری نرسریوں کے آڈٹ کا بھی حکم دیا شنید ہے کہ ان نرسریوں میں اندازے کے مطابق 1 تا 2 لاکھ قابل کاشت پودے موجود ہوں گے لیکن کاشت نہیں کیا گیا۔کمشنر کوہاٹ نے سرکاری نرسریوں میں موجود قابل کاشت پودوں کی 2 ماہ میں کاشت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔معتصم باللہ نے محرم الحرام اور چہلم کیلئے سیکورٹی اور صفائی کی مثالی اقدامات کرنے پر کوہاٹ، ہنگو اور اورکزئی کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔