کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سیدمعتصم باللہ شاہ نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے پروگرام”عوامی ایجنڈا“کے تحت تاندہ ڈیم کوہاٹ اورفش ہچری کا اچانک دورہ کیا اور وہاں پر محکمہ انہار کی طرف سے تعینات عملے سے سیاحوں اور خصوصا بچوں کیلئے کئے گئے حفاظتی اقدامات کے بارے میں دریافت کیا۔ کمشنر نے متعلقہ حکام کو حفاظتی اقدامات میں موجود خامیاں فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی تاکہ آئندہ کوئی جان لیوا حادثہ پیش نہ آئے۔ وضح رہے کہ 55سال قبل تعمیر ہونے والا تاندہ ڈیم کوہاٹ کاسب سے بڑا اور پُرانا ڈیم ہے جو صرف آبپاشی کے مقاصد کیلئے استعمال کیا جاتا ہے اور کئی ہزار ایکڑ زمینیں سیراب کرتا ہے۔ اسی طرح مچھلیوں کے ٹھیکہ سے بھی سالانہ سرکاری خزانے میں تقریباً ایک کروڑ روپے جمع کیا جاتا ہے۔ اب تاندہ ڈیم کی توسیع پربھی کام جاری ہے۔کمشنر نے جاری توسیعی کام کا جائزہ لیتے ہوئے اس سے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثناء معتصم باللہ شاہ نے ”عوامی ایجنڈا“کے تحت محکمہ ماہی پروری کے دفاتر اورفش ہچری کا بھی معائنہ کیا۔ جہاں انہیں کوہاٹ میں ماہی پروری سے متعلق کئے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفینگ دی گئی۔کمشنر کوہاٹ نے فش ہچری میں صفائی کے اعلی معیار اور بہترین فش ہچری پر محکمے کے سربراہ اور جُملہ سٹاف کوسرا ہا اور محکمے کے سربراہ کی دلچسپی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اُسے خصوصی شاباش دی گئی۔