پشاور (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹو فضل حکیم خان یوسفزئی نے شاہ عالم پل نحقئی پشاور میں زیر تعمیر لائیو سٹاک سلاٹر ہاؤس کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام میں معیار و مقدار کا خاص خیال رکھنے اور مقررہ وقت پر تعمیر کی ہدایت کی، اس موقع پر ڈی جی لائیو سٹاک ڈاکٹر اصل خان اور دیگر حکام بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے، زیر تعمیر سلاٹر ہاؤس کے حوالے سے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی اور کہا گیا کہ مذکورہ سلاٹر ہاؤس میں زیادہ تر کام مشینوں کے ذریعے کیا جائیگا اور جدید اور سائنسی طریقے سے جانوروں کو ذبح کیا جائے گا اور زیر تعمیر کام کو ایک ماہ میں مکمل کرکے باقاعدہ اس کا افتتاح کیا جائے گا، اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ زیر تعمیر سلاٹر ہاؤس کے تعمیراتی کام کی نگرانی کرے اور مقررہ وقت میں سلاٹر ہاؤس کو مکمل کرکے اسے باقاعدہ فعال کیا جائے تاکہ لائیو سٹاک سے وابستہ لوگوں کو سہولت ہو، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت لائیو سٹاک سمیت تمام شعبوں میں عوام اور ان شعبوں سے وابستہ لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھر پور اقدامات اُٹھا رہی ہے۔