اپر چترال (مانند نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے گڈ گورننس عوامی ایجنڈا پروگرام کے تحت ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے زیر اہتمام سب تحصیل موڑکہو میں کھلی کچہری کا انعقادکیاگیا۔کھلی کچہری ڈپٹی کمشنر اپر چترال حسیب الرحمن خان خلیل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اپر چترال، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر، موڑکہو/تورکہو لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان، عوامی نمائندے، عمائدین علاقہ اور کثیر تعداد میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ سب تحصیل موڑکہو کے جملہ عوام نے کھلی کچہری کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور باری باری اپنے مسائل سے متعلق ڈپٹی کمشنر کوآگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام کو درپیش سارے مسائل اپنے ساتھ نوٹ کئے اور ان میں سے بعض مسائل موقع پر حل کئے جبکہ ٹھوس اور حل طلب مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی یقین دیہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر نے لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اداروں سے منسلک جملہ مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کریں۔