کوہاٹ (مانند نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر قانون وپارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پوراکوہاٹ ہمارا اپنا ہے اوراس کے ہر علاقے کی ترقی وخوشحالی کیلئے دل وجان سے کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کے عوام نے ہر مشکل میں جس طرح ڈھٹائی کے ساتھ پارٹی قائد عمران خان کے ساتھ والہانہ عقیدت کا اظہار اورساتھ دیاہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے یقین دلایا کہ کوہاٹ کے عوام کی جانب سے تحریک انصاف پر کئے گئے اعتماد کو ہر گز ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور ان کے توقعات پر پورا اترنے کیلئے حتی المقدور کوشش کریں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنا حلقہ نیابت زیارت شیخ اللہ داد کے علاقہ تورو ستنو میں منعقدہ پبلک ڈے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرتحصیل چیئرمین گمبٹ ساجد اقبال، عمائدین علاقہ، پارٹی کارکنوں اورعام لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔اہل علاقہ نے مقامی سطح پرپبلک ڈے کے انعقاد پروزیر موصوف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کھل کر اپنے انفرادی اوراجتماعی مسائل پیش کئے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کے انفرادی مسائل ضرور حل کریں گے لیکن ہماری اولین ترجیح اجتماعی مسائل ہیں کیونکہ اجتماعی مسائل کے حل سے علاقہ خوشحال ہوگا تو عام نوعیت کے انفرادی مسائل خود بخود حل ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے علاقے کے میگا پراجیکٹ ضمیر گل ڈیم کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس کی تکمیل کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورنے مطلوبہ کروڑوں روپے کے فنڈز کی منظوری دی ہے۔ اس کی تکمیل سے علاقے میں سبز انقلاب آئے گا اورعلاقے کی تقدیر بدل جائے گی۔ آفتا ب عالم نے کہا کہ وہ ذاتی پسند ناپسند اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر لوگوں کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتے ہیں اورانشاء اللہ علاقے کے تمام مسائل یہاں کے مقامی پارٹی قیادت اورعمائدین کے مشاورت سے حل کریں گے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقے کے وسیع ترمفاد میں اپنے معمولی اختلافات بالائے طاق رکھ کرہمارے ہاتھ مضبوط کریں۔