کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے کہا ہے کہ شعراء کسی بھی معاشرے میں قوم کی صحیح راہنمائی کرتے ہیں اور اہلِ قلم و دانش ہونے کے ناطے وہ خوشحال خان خٹک اور رحمان بابا کے حقیقی وارث ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان کے پیغام کے داعی ہیں اور ان کی ادبی خدمات کو تابندہ رکھنے کے مستحق و محافظ بھی قرار پاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے تنظیم اباسین ادبی ٹولنہ کوہاٹ کے زیر اہتمام حضرت الرحمان حضرت کی یاد میں منعقدہ مشاعرہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سماجی کارکن ایثار علی بنگش، محمود الاسلام ایڈووکیٹ اور کوہاٹ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع کے شعراء نے شرکت کی۔ کوہاٹ کے معروف شاعر محمد جان عاطف، سید معصوم شاہ، گل حبیب اور دیگر شعراء نے اپنی اپنی کلام کو ترنم میں پیش کر کے خوب داد سمیٹی۔ آخر میں تقریب کے میزبان، صدر اباسین ادبی ٹولنہ کوہاٹ نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔