کوہاٹ (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حامد اقبال کی زیر صدارت ڈینگی وائرس کی روک تھام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو ڈینگی وائرس کے خاتمے اور اس سے بچاؤ کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے استعمال کی جانے والی ادویات کے سٹاک اور مشینری کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈینگی سے بچاؤ سے متعلق آگاہی کیلئے مساجد، یونین کونسل اور دیگر دفاتر میں بینرز آویزاں کئے جائیں، پانی کی ٹینکیوں کی صفائی جلد از جلد کی جائے اور سکولوں میں مارننگ اسمبلی میں بھی طلباء کو ڈینگی وائرس سے متعلق آگاہی دی جائے۔ اسی طرح تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں ڈینگی کے حوالے سے آگاہی مہم کا انعقاد کریں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں اور کوہاٹ کے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں محکمہ صحت کے عملہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ضلع سے ڈینگی وائرس کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔