کوہاٹ (مانند نیوز )ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے جب عوام اور افواج پاکستان نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو مل کر خاک میں ملایا اور ملک کے شہیدوں نے وطن عزیز کی بقاء اور سلامتی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن وطن عزیز کی پاک مٹی پر دشمن کو قدم نہ رکھنے دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ڈسٹرکٹ کونسل ہال کوہاٹ میں 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، ضلعی انتظامیہ اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران اور اساتذہ کرام و سکولوں کے طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں مختلف سکولوں کے بچوں نے یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے ملی نغمے، انگریزی و اردو تقاریر، ٹیبلو اور مختلف قسم کے خاکے پیش کئے۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور ہم ہی اس کے نگہبان ہیں۔لہٰذا ہم سب نے مل کر اس کی حفاظت و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔انہوں اس عزم کا اظہار کیا وطن عزیز کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔تقریب کے اختتام پر واک کا اہتمام بھی کیا گیا اور پاکستان کے امن اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول درہ آدم خیل کا دورہ بھی کیا اور سکول میں جاری درس و تدریس کے عمل اور صفائی کا جائزہ لینے کے علاوہ اساتذہ کی حاضری بھی چیک کی۔اسی طرح انہوں نے کوہاٹ ٹنل کے ساتھ جوائنٹ چیک پوسٹ کے نزدیک این ایچ اے روڈ پر جاری کام کا معائنہ بھی کیا۔انہوں نے کام کا معیار اور پیمانہ کے ساتھ گیج بھی چیک کی۔