کوہاٹ (مانند نیوز) کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈ“ کے تحت منگل کی رات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار ضلع کرم کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرم اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال پاراچنار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر کوہاٹ کے اس دورے کا مقصد مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا، طبی آلات کامعائنہ کرنا اور مریضوں کی بہترین دیکھ بھال یقینی بنانا تھا۔ ہسپتال کے مختلف وارڈز کے دورے کے موقع پر کمشنر نے نائٹ ڈیوٹی پر مامور طبی عملے کی حاضری چیک کی۔انہوں نے نائٹ ڈیوٹی پر مامور 2 میل نرس کو ڈیوٹی میں غفلت جبکہ 3 وارڈز اردلی کو صفائی پر فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ مزید برآں سید معتصم بااللہ شاہ نے ہسپتال کے مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ دریں اثناء کمشنر کوہاٹ نے چنار ہاوس صدہ میں منعقدہ پولیو اجلاس میں مقررہ اہداف کا جائزہ لیا اور پولیو مہم کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کیلئے مہم کو موثر انداز میں چلانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانا ہم سب کی قومی اور بنیادی ذمہ داری ہے اور اس اہم ذمہ داری میں ہر ایک کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہیے. ضلع کرم جاتے ہوئے کمشنر کوہاٹ سید معتصم باللہ شاہ نے ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر کے ہمراہ ضلع ہنگو میں مختلف پولیو کے ٹرانزٹ پوائنٹس اور ٹیموں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر کمشنر کوہاٹ نے بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے اور متعلقہ حکام کو پولیو کے مقرر کردہ اہداف ہر صورت حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ضلع کرم روانہ ہونے سے قبل کمشنر کوہاٹ نے ضلع کوہاٹ میں جاری پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے بعد ڈی ایچ او کوہاٹ کے ہمراہ کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں پولیو مہم کی مانیٹرنگ کی اور مجموعی طور پر ان علاقوں میں پولیو مہم کو تسلی بخش پایا گیا۔ضلع کرم سے واپسی پر کمشنرکوہاٹ نے ضلع ہنگوکے سرکاری ہسپتال محمدخواجہ کے اچانک دورے کے موقع پرصفائی کی انتہائی ابتر صورتحال،ہسپتال عملے کی ڈیوٹی میں شدید عدم دلچسپی اوردرختوں کی کٹائی پرہسپتال کا سربراہ معطل کرکے ان کے خلاف فوری طورپر انکوائری کرنے کی ہدایت کی تاکہ غفلت کے مرتکب ذمہ داران کا تعین کیا جاسکے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے