کوہاٹ (مانند نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام”عوامی ایجنڈا“ کے تحت آج بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی نے نشتر سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے ڈی اے کوہاٹ میں معذورافرادکیلئے اپنی نوعیت کے پہلے کھلی کچہری کاانعقادکیا جس میں لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اورنمائندوں کے علاوہ سماجی کارکنوں اورمعذورخواتین وحضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری میں معذور خواتین وحضرات نے اپنی انفرادی اوراجتماعی مسائل پیش کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے معاشرے کے انتہائی مستحق طبقے کو اپنے مسائل سے متعلق حکام کو براہ راست پیش کرنے کیلئے کھلی کچہری کی صورت میں ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔ معذور خواتین وحضرات کے زیادہ تر مسائل معاشی بدحالی سے متعلق تھے۔ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی نے کہا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد معاشرے کے تمام طبقوں کے مسائل متعلقہ حکام تک براہ راست پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا سب سے زیادہ مستحق طبقہ ہے لہٰذا ان کے تکا لیف اورمسائل کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو موقع پر ہدایت کی کہ جس محکمہ کے ذمے خصوصی افراد سے متعلق ذمہ داریاں ہیں انہیں بطریق احسن نبھائیں تاکہ خصوصی افراد کے محرومیوں کا حتی المقدور آزالہ ہوجائے۔ڈپٹی کمشنر نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کے معاشی حالات سدھارنے کیلئے بہت جلد ایک قابل عمل حکمت عملی وضع کی جائیگی اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے معاشرے کے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے حلقہ اثر میں معذور افراد کی مالی معاونت کیلئے اپنا کردارادا کریں۔ انہوں نے باالخصوص محکمہ صحت او ر تعلیم کے ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ اپنے شعبوں میں خصوصی افراد کو خصوصی توجہ دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کمپلیکس کے مختلف سیکشنوں کا دورہ بھی کیا اور خصوصی بچوں کے تعلیم وتربیت کیلئے موجود سہولیات پر اطمینان کااظہار کیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عبدلاکرم نے ریسکیو 1122کوہاٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کنٹرول روم، سٹاف کی حاضری اور عوام کو فراہم کی جانے والی سروسز کا جائزہ لیا۔ ریسکیو 1122 کوہاٹ کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کو اب تک کی کوہاٹ میں ایمرجنسیز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور اس کے ساتھ ساتھ فائر وہیکل و ایمبولینس میں موجود آلات کے بارے میں معلومات فراہم کیں اور بتایا کہ بین الاقوامی معیار کی سروسز کوہاٹ کی عوام کو فوری و فری دی جا رہی ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 کی خدمات کوسراہا اور عوام کو بہترین سروسز فراہم کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔