پشاور (مانند نیوز)صوبائی مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی کی میران شاہ بلاک کی مالیاتی بولی کامیابی سے منعقد ہو گئی ہے اور اس میں دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں نے تمام پیرامیٹرز پر سو فیصد پیشکش کی ہے جس کے نتیجے میں پارٹیوں کے درمیان مالیاتی بولی برابر ہو گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی کی میران شاہ بلاک کامیاب بولی کے حوالے سے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اب جو پارٹی زیادہ ما لیاتی آفر کرے گی بولی اسکو دی جائے گی۔مزمل اسلم نے کہا کہ پاکستان میں اس جیسی کامیاب بولی کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اب خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی ٹھوس پریمیم حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور، محکمہ توانائی اور خیبرپختونخوا عوام کو اس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ یہ خیبرپختونخوا کیلئے اچھی اور بڑی خبر ہے۔مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا حکومت صوبے اور پاکستان کو بڑی معاشی کامیابیاں دلانے کے لیے پرعزم ہے۔