ایبٹ آباد (مانند نیوز)وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی مداخلت سے ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے پوسٹ آفس کے ملازم، طاہر محمود، کو ان کی پنشن کی فوری ادائیگی ممکن ہو سکی۔ طاہر محمود نے شکایت درج کروائی تھی کہ وہ اپریل 2024 میں مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہو چکے ہیں، لیکن ابھی تک انہیں ان کی پنشن ادا نہیں کی گئی، جسے انہوں نے ناانصافی قرار دیا۔وفاقی محتسب کے دفتر کو شکایت موصول ہونے پر، محکمہ پوسٹ آفس کے افسران بالا کو فوری نوٹس جاری کیا گیا اور مکمل چھان بین کے بعد، وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے شکایت کنندہ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے محکمہ پوسٹ آفس کو پنشن کی فوری ادائیگی کے احکامات جاری کیے۔اس فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے، محکمہ پوسٹ آفس نے پنشن کے تمام کاغذات مکمل کر کے ہیڈ کوارٹر کو منظوری کے لیے ارسال کر دیا۔ شکایت کنندہ طاہر محمود نے وفاقی محتسب اور ایبٹ آباد ریجنل آفس کے ایڈوائزر انچارج رشید احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مداخلت کی بدولت ان کا دیرینہ مسئلہ حل ہو سکا۔اس موقع پر وفاقی محتسب ہزارہ ڈویژن کے ایڈوائزر انچارج، رشید احمد، نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہتا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر بیوہ خواتین اور سرکاری ملازمین کی پنشن یا فیملی پنشن سے متعلق شکایات پر فوری اور بلا تاخیر اقدامات کا ذکر کیا۔ مزید برآں، انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ ایک عوامی عدالت کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں شکایات کو فوری اور بلا معاوضہ حل کیا جاتا ہے، اور عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے وفاقی محتسب سے رجوع کریں۔