ایبٹ آباد (مانند نیوز)حکومتی ہدایات کے مطابق شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے عزم کے تحت، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی تسلسل میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد خالد اقبال کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس امان اللہ سعید کی زیرِ صدارت محلہ بیگہ، تحصیل حویلیاں میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔اس کھلی کچہری کا مقصد عوامی شکایات کو براہِ راست سننا اور موقع پر ہی ان کا حل فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-2 حویلیاں لبنی اقبال، تحصیلدار حویلیاں، ریونیو سٹاف، اور مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران بھی موجود تھے تاکہ متعلقہ محکموں کے مسائل کا فوری طور پر حل کیا جا سکے۔اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد نے کھلی کچہری میں شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے، جن میں ریونیو، پبلک سروسز اور دیگر عوامی مسائل شامل تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امان اللہ سعید نے نہایت توجہ سے عوام کی شکایات سنی اور فوری طور پر ان کے حل کے لیے متعلقہ محکمہ جات کو احکامات جاری کیے۔ انہوں نے موقع پر ہی مسائل کے حل کے لئے مخصوص ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام شکایات پر فوری عملدرآمد کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امان اللہ سعید نے اس موقع پر کہا، "ضلعی انتظامیہ عوام کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد ہی یہ ہے کہ عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے ضلعی دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں بلکہ ہم خود ان تک پہنچیں اور ان کی مشکلات کو دور کریں۔کھلی کچہری میں پیش کیے گئے تمام مسائل کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا گیا اور شکایات پر فوری کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ عوامی نمائندوں نے بھی ضلعی انتظامیہ کی اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایسی کھلی کچہریوں سے عوام کو نہ صرف فوری انصاف مل رہا ہے بلکہ ان کے مسائل تیزی سے حل ہو رہے ہیں۔