کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے جاری مہم کے دوران ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان کے ہمراہ جوزارہ گاؤں میں آبنوشی کے بہت بڑی ٹینکی اور سپلائی لائن کا اچانک مُعائنہ کیا۔پانی کی ٹینکی جو پہاڑی پر بنی ہے اس کا اوپر سے ڈھکنا مکمل کھلا تھا جو کسی بھی بڑے انسانی حادثے کا سبب بن سکتی تھی۔اسی طرح سپلائی لائن کا پائپ بھی ٹوٹ گیا تھا اور پینے کے پانی کی بہت بڑی مقدار ضائع ہو رہی تھی۔دوران معائنہ ٹینکی کے اندر کافی گند اور مٹی جمع پائی گئی۔کمشنر کوہاٹ نے موقع پر پبلک ہیلتھ کے ضلعی انتظامیہ کو فوری کارروائی کے احکامات دئیے اور پبلک ہیلتھ کے متعلقہ افسران اور ماتحت عملے کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کرنے کا حکم دیا۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ اس ٹینکی سے 2 ہزار سے زیادہ گھر مستفید ہو رہے ہیں۔اہلیان علاقہ نے کمشنر کوہاٹ کی اس پوری کارروائی پر انتہائی خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ کمشنر کوہاٹ نے پورے ڈویژن میں متعلقہ حکام کو متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی محکمے میں کسی بھی کوتاہی/غفلت پر اس محکمے کے ضلعی سربراہ کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی۔