کرک (مانند نیوز)صوبہ بھر کی طرح ضلع کرک کے مختلف ویلج کونسلز میں بھی ضمنی بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے جس کیلئے تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔ اِس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کرک شکیل احمد جان کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی الیکشن کمشنر سمیت تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے حکام اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کو ضمنی انتخابات کے حوالے سے اب تک کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ضلعی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ضمنی انتخابات کے انعقاد کیلئے ٹریننگ سیشنز سمیت تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کرک نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس حکام جامع سیکورٹی پلان تیار کرکے فل پروف انتظامات یقینی بنائیں۔اسی طرح ریسکیو حکام بھی کسی قسم کی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے اپنی ٹیمز تیار رکھیں جبکہ ڈی ای او میل اور فیمیل کو متعلقہ سٹاف کی پولنگ سٹیشنز پر بروقت بھیجنے کی ہدایت کی گئی تاکہ الیکشن کے شفاف اور پرامن انعقاد میں کوئی خلل نہ پڑے۔