جمرود(مانند نیوز)الحاج شاہ جی گل آفریدی کی حمایتی یافتہ الحاج کاروان نے آئینی ترمیم میں خیبرپختونخوا نام تبدیلی کی تجویز کی مخالفت کردی۔نام کی تبدیلی پر اربوں روپے کی لاگت آئے گی فضول میں اتنی خرچے کی کیا ضرورت ہے۔خیبر پختونخواہ کے نام سے ”خیبر” کا اخراج ناقابل قبول ہے۔چیئرمین عظمت آفریدی تفصیلات کے مطابق ضلع خیبرجمرود پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الحاج کاروان تحصیل جمرود اور ضلع خیبر کی قیادت نے خیبر پختونخواہ کے نام سے ”خیبر” کے اخراج کی ممکنہ تجویز پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اسے پختون ثقافت اور تاریخ پر حملہ قرار دیا ہے۔ الحاج کاروان کی قیادت نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے نام سے ”خیبر” کا ہٹایا جانا صوبے کی شناخت کو ختم کرنے کی سازش ہے، جسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تحصیل جمرود کے قائم مقام چئیرمین عظمت آفریدی،ثناء اللہ افریدی،عبدالجلیل افریدی،ملک خالد افریدی،زوہیب آفریدی،طارق آفریدی،عدنان خان،مرزا علی افریدی،اسلام بادشاہ افریدی،نجیب آفریدی،شوکت آفریدی، ضابط افریدی نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ،خیبر” نہ صرف ایک تاریخی علاقہ ہے بلکہ یہ پختون ثقافت، غیرت، اور بہادری کی علامت ہے۔ اس خطے کی تاریخ ہزاروں سال پر محیط ہے، اور خیبر کے نام نے ہمیشہ پختونوں کی پہچان کو عالمی سطح پر نمایاں کیا ہے۔ خیبر پختونخواہ کا نام پختون قوم کی تاریخ کا حصہ ہے اور اس سے منسلک روایات اور تہذیب کو تبدیل یا مٹانے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے نام کی تبدیلی پر نہ صرف خیبر بلکہ چترال،کیلاش، کوہستان،ہزارہ و دیگر اقوام کو بھی تحفظات ہیں۔الحاج کاروان کے مقامی قائدین نے کہا کہ عوامی نمائندے، سماجی تنظیمیں، اور عوام اس بات پر متفق ہیں کہ صوبے کے نام سے ”خیبر” کو ہٹانا ہماری تاریخ اور ورثے سے لاتعلقی کے مترادف ہے۔ خیبر کی جغرافیائی اور تاریخی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، اور ہم حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس اقدام کو فی الفور روکا جائے۔الحاج کاروان تحصیل جمرود اور ضلع خیبر کی قیادت نے مزید کہا کہ صوبے کی روایات اور تاریخ کو مٹانے کی ہر سازش کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا اور عوام کو کسی بھی طرح مایوس نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نام کی تبدیلی پر اربوں روپے لاگت آئے گی فضول میں اتنے خرچے کی کیا ضرورت ہے جبکہ صوبہ پہلے سے مالی طور پر کمزور ہے۔