کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت انڈسٹریز اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کوہاٹ کے متعلقہ حکام کے ہمراہ غیر قانونی ڈھابہ فلنگ اسٹیشنزکے خلاف آپریشن کیا۔ اس دوران بلی ٹنگ اور کوٹ روڈ بلی ٹنگ میں واقع غیر قانونی ڈھابہ اسٹیشنوں کو ختم کیا گیا جن کے پاس کوئی قانونی دستاویزات نہیں تھے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم کی زیر صدارت غیر قانونی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر پابندی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کوہاٹ پولیس، کسٹم، محکمہ صنعت اور دیگر متعلقہ حکام سمیت پٹرولیم ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے اس موقع پر فوری طور پر ضلع بھر میں غیر قانونی طور پر ڈیزل و پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ پیٹرول پمپ مالکان کو اوگرا کے مقرر کردہ ریٹ اور صحیح پیمانے کے مطابق پیٹرول و ڈیزل فروخت کرنے کی ہدایات دیں۔ پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے وفدنے ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے اور اجلاس کے دوران جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔انہوں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کی عوامی خدمات کو بھی سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔