دیر (مانند نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر دیر نے انسداد پولیو مہم کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سرکل جندول کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او لوئر دیر نے پولیو ٹیموں کے حفاظتی اقدامات اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے بچے کو پولیو سے حفاظت کے قطرے بھی پلائے۔ڈی پی او لوئر دیر نے انسداد پولیو مہم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے ہر بچے تک رسائی حاصل کرنا ضروری ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے سیکورٹی ادارے پوری ذمہ داری سے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کی حفاظت اور عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے فرائض سرانجام دیں۔ڈی پی او نے اس موقع پر عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم میں پولیس اور پولیو ٹیم کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ہم ایک صحت مند اور پولیو سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا سکیں۔ڈی پی او لوئر دیر نے دورے کے دوران علاقے کے مختلف مقامات پر سیکورٹی پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا اور پولیس اہلکاروں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں۔