کوہستان لوئر (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر طارق محمود کی زیر صدارت پولیو مہم کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کوہستان لوئر، ڈی ایس او WHO، ای پی آئی کوآرڈینیٹر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈی ایس او WHO نے پولیو مہم کے پہلے دن کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی اور شرکاء کو مختلف چیلنجز اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر طارق محمود نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کی مکمل مانیٹرنگ اور نگرانی یقینی بنائیں تاکہ اس مہم کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنایا جا سکے۔ انہوں نے تاکید کی کہ پولیو کے خاتمے کے اس قومی مشن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔پولیو کا خاتمہ اور بچوں کو صحت مند مستقبل فراہم کرنے کے عزم کے ساتھ ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے اور تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس مہم میں بھرپور تعاون فراہم کریں۔