ملاکنڈ (مانند نیوز)صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع ملاکنڈ میں بھی 4 نومبر سے شروع ہونے والے ڈی وارمنگ مہم کے لیے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اظہر ظہور کے زیر صدارت ضلعی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ صحت،ایجوکیشن،ریسکیواور دورسرے متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر کے مختلف سکولوں میں 4 نومبر سے 8 نومبر تک ڈی وارمنگ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔متعلقہ حکام نے اجلاس کے شرکاء کو ڈی وارمنگ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے دوران سکول جانے والے 5 سال سے 14 سال تک کی عمر کے بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے تحفظ کی دوائی دی جائیگی۔اس موقع پر ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء سے کہا کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے 5 سال سے 14 سال تک کے عمر کے بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے تحفظ اور صحت مند مستقبل کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے والدین اور سرپرستوں سے گزارش کی کہ وہ اپنے 5 سال سے 14 سال تک کے بچوں کو 4 سے 8 نومبر 2024 کے درمیان سکولوں کے اوقات کار میں کسی بھی قریبی سرکاری یا نجی تعلیمی اداروں اور دینی مدرسے میں لے جائیں اور پیٹ کے کیڑوں سے تحفظ کی مفت اور محفوظ دوا کھلائیں۔