کوہستان اپر(مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر کوہستان اپرطارق علی خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (DHQ) کے مسائل، انتظامات اور عوامی سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ہسپتال کے انتظامی افسران، متعلقہ محکموں کے نمائندگان اور دیگر اسٹاف نے شرکت کی۔اجلاس میں ہسپتال کی بنیادی طبی سہولتوں کے معیار، مریضوں کی شکایات، اور اسپتال کے مختلف شعبوں میں درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی خان نے کہا کہ صحت کی سہولتوں میں بہتری لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آنے پائے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ہسپتال میں وسائل کی کمی اور دیگر مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مریضوں کو جلد علاج فراہم کیا جا سکے اور ہسپتال کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہسپتال میں اضافی وسائل کی فراہمی اور انتظامات میں بہتری لانے کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔