کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید مُعتصم بااللہ شاہ نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے پروگرام“عوامی ایجنڈا“ کے تحت 2 ماہ بعد شروع ہونے والے موسم بہار میں قبائلی ضلع اورکزئی میں وسیع پیمانے پر زیتون کی منظم شجرکاری اور جنگلی زیتون میں کامیاب قلمکاری کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات و زراعت کے متعلقہ حکام کے ہمراہ ضلع اورکزئی کے مختلف علاقوں میں جنگلی زیتون میں قلمکاری کیلئے منتخب جنگلوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ کمشنر کوہاٹ نے 3 ماہ پہلے جنگلی زیتون میں لگائے گئے قلموں کا بھی مُعائنہ کیا اور انتہائی کامیاب قلمکاری پر متعلقہ عملے کو شاباش دی۔کمشنر نے اُن علاقوں کا بھی دورہ کیا جو زیتون اور دیگر نئے پودے لگانے کیلئے منتخب کئے گئے ہیں۔کمشنر نے اورکزئی کی بڑی سرکاری نرسری میں زیتون کے پودوں کی 3 ہزار پودوں پر مشتمل نئی نرسری کا بھی مُعائنہ کیا جو آنے والے شجر کاری مُہم میں لگائے جائیں گے۔کئی علاقوں میں مقامی زمینداروں کو وزیر اعلی کے پروگرام“عوامی ایجنڈا“ کے تحت پورے کوہاٹ ڈویژن میں نئی شجرکاری اور جنگلی زیتوں میں قلمکاری کیلئے کی گئی منصوبہ بندی سے بھی آگاہ کیا گیا۔مُہم میں 3 لاکھ سے زیادہ پودوں میں قلمکاری کی جائے گی اور لاکھوں کی تعداد میں نئے پودے بھی لگائے جائیں گے جس سے ماحول، جنگلات اور جنگلی حیات کو تحفظ مل جائے گا۔مقامی عمائدین اور زمینداروں نے اس سرگرمی کو سراہا اور اس مُہم میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔بعد ازاں کمشنر کوہاٹ نے متعلقہ افسروں کو پولیو مُہم کی طرز پر اس شجرکاری اور قلمکاری مُہم کیلئے بھی مائیکرو پلاننگ کرنے کی ہدایات دیں جو دسمبر کے پہلے ہفتے میں تحریری طور پر پیش کئے جائیں گے۔تمام بوائز ہائی سکولوں اور کالجوں میں طلباء کو رضاکارانہ قلمکاری کی تربیتی نشست منعقد کرائے جائیں گے تاکہ طلباء میں جنگلات، ماحول اور پودوں سے متعلق شناسائی ہو جائے اور ہر جوان ماحول اور پودوں کا محافظ بن جائے۔محکمہ زراعت اور جنگلات ضلعی انتظامیہ کی زیرنگرانی جنگلات والے علاقوں میں عام زمینداروں اور رضاکاروں کیلئے شجرکاری اور قلمکاری کے سلسلے میں پورے کوہاٹ ڈویژن میں تربیتی پروگرام منعقد کرے گی جن کی کمشنر کوہاٹ اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز خود نگرانی کریں گے۔