ایبٹ آباد (مانند نیوز)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ہیومن رائٹ ایبٹ آباد، امان اللہ سعید کی زیر صدارت ونٹر کانٹیجنسی پلان کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں برف باری کے دوران ضلع بھر خصوصاً گلیات اور ملحقہ پہاڑی برف پوش علاقوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں برف باری کے دوران سڑکوں کی ہمہ وقت بحالی، لینڈ سلائیڈ کی فوری کلیئرنس، اور کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے ایس او پیز (Standard Operating Procedures) پر گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ، متعلقہ محکموں کے درمیان مربوط کارروائی کی اہمیت پر زور دیا گیا تاکہ برف باری اور سردیوں کی شدت کے دوران شہریوں کی حفاظت اور نقل و حمل کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر، ریسکیو 1122، پولیس، جی ڈی اے، سی این ڈبلیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور مختلف پہلوؤں پر اپنی تجاویز پیش کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امان اللہ سعید نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ تمام متعلقہ محکمے برف باری کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری کریں اور اپنے وسائل کو بروقت فعال کریں تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔