اسلام آباد(مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ، چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی کوہاٹ شفیع اللہ جان ایم پی اے اور داؤد شاہ آفریدی ایم پی اے نے پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک اسلام آباد کے احتجاج کے دوران ضلع کوہاٹ کے علاقہ ڈھوڈہ سے تعلق رکھنے والے 2 زخمی کارکنوں اسد خان اور عابد خان کی عیادت کیلئے علیحدہ علیحدہ ان کی رہائشگاہوں پر گئے اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔اس موقع پر انہوں نے پارٹی اور قائد عمران خان اور دیگر اسیران کی رہائی کیلئے کارکنوں کی بیش بہا قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بہادر اور نڈر کارکنان پر فخر ہے اور ہم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں یقین دلایا کہ پارٹی اور اس کی صوبائی حکومت بھی انہیں اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کسی سیاسی پارٹی اور نہ ہی کسی تحریک کو ختم کیا جا سکتا ہے بلکہ اس سے مزید تقویت ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین اور کارکنوں پر ریاستی ظلم و بربریت سے ہمارے اور نڈر و بہادر کارکنوں حوصلے اور جذبات پست ہونے کی بجائے مزید بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارکنان ہی ہماری پارٹی کا اصل اور سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے۔کارکنوں نے پارٹی اور قائد عمران خان کیلئے جو تکالیف برداشت کئے ہیں اور ظلم و بربریت کا جس انداز میں مقابلہ کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ کارکنوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور ظالموں کو اس ظلم و بربریت کا حساب دینا ہو گا۔