سخاکوٹ (مانند نیوز) تحصیل درگئی کے نواحی علاقہ گڑھی عثمانی خیل میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل جبکہ چار افراد کو شدید زخمی کردیا۔ مقتولین میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل درگئی کے نواحی علاقہ گڑھی عثمانی خیل میں نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے دو سگے بھائیوں عبداللہ اور اسماعیل پسران علی شاہ سمیت 3۔افراد کو قتل کردیا۔ تیسرے مقتول کا نام نظر گل ولد اسم نامعلوم بتایا جاتا ہے۔ جبکہ فائرنگ میں دیگر 4افراد جمشید ولد امیر خان، کامل، عرفان ولد سبحانی اور شایان ولد کریم گل شدید زخمی ہوگئے۔ مقتولین کی نعشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال درگئی منتقل کردیا گیا۔ ملاکنڈ لیویز واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ گئے۔لیکن ملزمان پہلے سے موقع پاکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔لیویز ذرائع کے مطابق وجہ تنازعہ فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی۔ جبکہ لیویز نے شوہد اکھٹے کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقہ بھر کا محاصرہ کرلیا۔مزید تفتیش جاری ہے۔