پشاور (مانند نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صحت احتشام علی نے بڈھ بیر کیٹگری ڈی ہسپتال پشاور کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں ڈاکٹرز، نرسز و دیگر طبی عملے کی عدم دستیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس اور ہسپتال انتظامیہ بھی خواب خرگوش کی نیند سورہے ہیں۔ ہسپتال میں سپورٹ سٹاف کے علاوہ کسی کا موجود نہ ہونا المیہ ہے۔انہوں نے سیکرٹری ہیلتھ کو تمام غیر حاضر سٹاف کو معطل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جو عملہ ڈیوٹی پر موجود نہیں وہ محکمہ صحت پر بوجھ ہے۔ عوام کی صحت کا سودا کرنے والوں کیخلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کبھی ایسا ہوا ہے کہ ان کی تنخواہ ایک دن بھی لیٹ ہوئی ہو۔ جب تنخواہ وقت پر ملتی ہے، ادویات ہم فراہم کرتے ہیں تو ان کو ڈیوٹی کرنے میں کیا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے سٹاف کی ضرورت نہیں جو ڈیوٹی نہیں کرتا۔