وانا (مانند نیوز) پاک افغان بارڈر پر انگوراڈا گیٹ کی بندش، ویزا اور پاسپورٹ کی پابندیوں کے خلاف برمل انگوراڈا بازار میں طلبہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس مظاہرے میں انگوراڈا کے مختلف سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبہ کے علاوہ دینی مدارس کے طلبہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ انگوراڈا کے مقامی لوگوں کو ویزا اور پاسپورٹ کی پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور انہیں قومی شناختی کارڈ، ای پاس (E-PASS) یا آر ایف آئی ڈی (RFID) کارڈ کے ذریعے گیٹ سے آزادانہ آمد و رفت کی اجازت دی جائے۔ طلبہ نے شکایت کی کہ گیٹ کی بندش کے باعث انگوراڈا کے تعلیمی ادارے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بہت سے کلاس فیلوز انگوراڈا گیٹ کے دونوں جانب محصور ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے تعلیمی سلسلہ منقطع ہو گیا ہے۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ وہ بھی اس قوم کا حصہ ہیں اور تعلیم ان کی زندگی کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے، لیکن بدقسمتی سے گیٹ بندش اور دیگر رکاوٹوں کی وجہ سے ان کے تعلیمی ادارے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انگوراڈا کے مقامی لوگوں کو معاشی مواقع فراہم کیے جائیں اور ان کی قربانیوں کو سراہا جائے۔ طلبہ نے کہا کہ خدارا ہمارے مسائل پر توجہ دیں اور گیٹ پر مزید افراد کو آمد و رفت کی سہولت دی جائے۔