اسلام آباد (مانند نیوز)فتنہ الخوارج کی افغان طالبان کی پوسٹوں کا استعمال کر کے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 20 سے 25 خوارجیوں نے کرم، شمالی وزیرستان سے دراندازی کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی، آج صبح خوارجیوں نے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی تھی۔
فتنہ الخوارج کیخلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز قابل تعریف ہے، وزیراعظم شہباز شریف
خوارج اور افغان طالبان نے مل کر پاکستانی چوکیوں پر بلا اشتعال بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کا سیکیورٹی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی طرف بھاری نقصانات کی مصدقہ ابتدائی اطلاعات ہیں۔
مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 15 سے زیادہ خوارج اور افغان طالبان کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔
علاوہ ازیں مؤثر جوابی کارروائی اور گولا باری سے افغان طالبان6 چوکیاں چھوڑ کر بھاگ گئے، افغانستان کی سائیڈ پر نقصانات مزید بڑھنے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا صرف 3 زخمیوں کی اطلاع ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے افغانستان کی عبوری حکومت سے فتنہ الخوارج کو اپنی سر زمین نہ استعمال کرنے کا بارہا کہا ہے۔