ہنگو (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کرنا ان کے فرائض منصبی میں شامل ہے اور دفتر آنے والے سائلین کو وہ خود اور ان کا عملہ بطریق احسن رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے اوپن ڈور پالیسی کے تحت عام لوگوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ڈپٹی کمشنر ہنگو نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنے والے اپنی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ اپنی عاقبت سنوارنے کیلئے دعائیں بھی سمیٹتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی سائل کی عزت نفس کا خیال رکھنا،اس کا احترام کرنا اور اسے بہتر رہنمائی فراہم کرنا ہر سرکاری ملازم پر لازم ہے کیونکہ ہمارے پاس آنے والے افراد کسی نہ کسی پریشانی میں مبتلا ہوتے ہیں اور وہ ہم سے انصاف کی توقع رکھتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ہم سب ان کے مسائل کو اپنی بساط کے مطابق فوراً حل کریں تاکہ ان کو بار بار دفتر کے چکر نہ لگانے پڑے۔ گوہر زمان نے کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت ہر کسی کیلئے کھلے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے یہ کرسی دے کر جو عزت بخشی ہے تومیرا بھی فرض ہے کہ میں مخلوق خدا کی خدمت کر کے اللہ اور اس کی مخلوق کو راضی رکھنے کی بھرپورکوشش کروں۔ کرپشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کرپشن کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں۔ کرپٹ مافیا کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کرپشن کے خاتمے میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔انہوں نے مزید کہاکہ صرف پٹواریوں پر نہیں بلکہ ہر دفتر پر ان کی نظر ہے، کرپشن کی شکایت پر کسی بھی سخت اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے سرکاری محکموں کے حکام کو متنبہ کیا کہ صرف تصاویر نہیں بلکہ ہر صورت عملی طور پر کام چاہئے۔