کرک (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال نے ہفتہ کو امبیری چوک ضلع کرک میں رونما ہونے ٹریفک کے المناک حادثے کے شہداء کی تعزیت کیلئے کرک کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے شہداء کے درجات بلندی کیلئے دعا کی۔سجاد بارکوال نے کہا کہ پوری قوم اس دکھ بھری مشکل گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد قوم نے جس جرات اور اتفاق کے ساتھ امدادی کاموں میں اپنا بھرپور حصہ لیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔صوبائی وزیر نے اس پر پوری قوم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں آئندہ ایسے دردناک دن نہ دکھائے اور ہم سب کو اپنے امان میں رکھے۔یاد رہے کہ وزیر موصوف نے گزشتہ روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں بھی مذکورہ حادثے کے زخمیوں کی عیادت اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی تھی۔