کوہاٹ (مانند نیوز) حکومت خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کی زیر نگرانی 40 ویں قومی حفظ و قرأت 2025 کے مقابلے جو 9 جنوری سے شروع ہوئے تھے، پیر کو ڈسٹرکٹ کونسل ہال کوہاٹ میں اختتام پذیر ہو گئے۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے جبکہ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی گیسٹ آف آنر تھے۔مہمانانِ گرامی نے ضلعی سطح کے حفظ و قرات کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے حفاظ کرام اور قراء حضرات میں نقد انعامات اور شیلڈز تقسیمِ کئے۔مقابلوں میں کوہاٹ، درہ آدم خیل، گمبٹ اور لاچی کے سکولوں اور مدرسوں کے تحصیلوں کے بچوں نے حصہ لیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے ضلعی سطح کے ونرز حضرات محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیرِ نگرانی صوبائی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیں گے اور امید ہے کہ آج کے ونرز صوبائی سطح پر کوہاٹ کا نام روشن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ مقابلے نہ صرف قرآن و سنت کی تعلیمات کے فروغ کا ذریعہ بنیں گے بلکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ مقابلے بچوں کے دینی و روحانی محاذ پر نمایاں کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔