کرک (مانند نیوز)ضلع کرک میں مختلف ڈیموں پر جاری کام کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر کرک شکیل احمد جان کی زیرصدارت ان کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، ڈپٹی ڈائریکٹر سمال ڈیمز کوہاٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمال ڈیمز، انجینئرنگ ٹیم، کنسلٹنٹس اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر سمال ڈیمز نے ڈپٹی کمشنر کرک کو ضلع میں لتمبر، چشمہ اکوڑخیل اور مخ بانڈہ ڈیموں پر جاری کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور درپیش بعض مسائل کی بھی نشاندہی کی۔ڈپٹی کمشنر کرک نے ڈیموں پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمے کی کارکردگی کو سراہا اور ڈیمز پر باقی ماندہ کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہیں جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔