ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویزحامد الرحمٰن نے کسانوں کے مسائل و مشکلات کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے گورنمنٹ ہائیئر سیکنڈری سکول خار میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر اور ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک سمیت دیگر متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران و نمائندگان، صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز اور کثیر تعداد میں کسانوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری میں تفصیل سے کسانوں کے مسائل سنے، جن میں سے زیادہ تر موقع پر حل کر دیے گئے اور باقی مسائل کے بروقت حل کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری میں موجود لوگوں کو یقین دلایا کہ پیش کیے گئے تمام مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے ہر ممکن عملی اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھلی کچہری میں ہونے والے فیصلوں پر ہر صورت عملدرآمد ہوگا اور اس سلسلے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔