وانا (مانند نیوز) جماعت اسلامی جنوبی وزیرستان لوئر کے زیر اہتمام رستم بازار وانا میں امن و امان کی خراب ہوتی ہوئی صورتحال، بے روزگاری، اور بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس مظاہرے میں جماعت اسلامی جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی امیر اسداللہ بھیر، الخدمت فاؤنڈیشن جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مولانا عمر وزیر، سیف الرحمن طیب اور سابق امیر ندیم، جماعت اسلامی کے کارکنوں کے علاوہ علاقے کے سرکردہ عمائدین، نوجوانوں، اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے مظاہرے کے دوران حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کی اور عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے فوری اصلاحات کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ روزگار کے مواقع کی عدم دستیابی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ عوام کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما سیف الرحمن طیب نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، بے روزگاری کا خاتمہ کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ مقررین نے کہا کہ عوام کی بے چینی دن بہ دن بڑھ رہی ہے، جو حکومتی عدم توجہی کا نتیجہ ہے۔ مظاہرے کے دوران امیر جماعت اسلامی جنوبی وزیرستان لوئر اسد بھیر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مقامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان جیسے حساس علاقے میں عوامی مسائل کو نظرانداز کرنا ناقابل قبول ہے اور اس سے علاقے میں مزید انتشار پیدا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے عوام حکومتی کارکردگی سے شدید مایوس ہیں اور اپنے بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔ عوامی شرکت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حکومتی بے حسی کے خلاف عوامی غصہ اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔ اب حکومت پر لازم ہے کہ فوری اقدامات کرتے ہوئے عوامی مطالبات کو پورا کرے اور جنوبی وزیرستان میں درپیش مسائل کے حل کے لیے ٹھوس حکمت عملی اپنائے۔ شرکاء نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے ملک بھر میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے دن منانے کے فیصلے کو سراہا۔ اس موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ ہمدردی اور حمایت کے جذبات کا اظہار کیا گیا۔