ایبٹ آباد (مانند نیوز)ایگریکلچر آفس ایبٹ آباد کے زیر انتظام ”مردان گڑ میلہ” کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں خالص گڑ اور گڑ سے بنی مصنوعات کو متعارف کروایا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے خصوصی طور پر شرکت کی اور زمینداروں کی حوصلہ افزائی کی۔ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر ایبٹ آباد نے ڈپٹی کمشنر کو ماڈل فارم سروسز سینٹر پر خوش آمدید کہا اور میلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس پروگرام میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فائنانس اینڈ پلاننگ ملیحہ سحر بھی شریک تھیں۔میلے میں ایبٹ آباد میں کاشت کیے گئے زیتون کا ایک خصوصی سٹال بھی لگایا گیا، جہاں زیتون سے تیار کردہ مختلف مصنوعات پیش کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے زیتون کی کاشت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے زمینداروں کو درپیش مشکلات، خاص طور پر تیل کے حصول کے مسائل، کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر کو مؤثر اقدامات کی ہدایات دیں۔ڈپٹی کمشنر نے گڑ میلے کے انعقاد کو زمینداروں کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ ایسے پروگرامز زراعت کے فروغ اور مقامی کسانوں کی آمدنی میں اضافے کے لیے معاون ثابت ہوتے ہیں۔