ہنگو (مانند نیوز)چیئرمین ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی ہنگو شاہ ابو تراب بنگش ایم پی اے نے کہا ہے کہ عوام کی ایک ایک پائی کے منصفانہ استعمال کا وہ آخرت میں بھی ذمہ دار ہے اوروہ خیانت کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔انہوں نے علی الاعلان کہا کہ ہر یونین کونسل کو سیاسی وابستگی اور ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہو کر برابری کی بنیاد پر یکساں ترقیاتی فنڈز دیئے گئے ہیں۔وہ ضلع ہنگو کے علاقہ درویزہ پلوسہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس میں عمائدین علاقہ، پارٹی کی مقامی قیادت اور عام لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔شاہ تراب بنگش نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے 25 کروڑ روپے ریلیز کر دیئے گئے ہیں جن میں سے 10 کروڑ روپے سڑکوں کی تعمیر جبکہ باقی دیگر شعبوں پر خرچ ہوں گے۔انہوں نے خوشخبری سنائی کہ آئندہ کچھ روز میں گیس رائلٹی کے خطیر رقوم بھی ریلیز ہو جائیں گے جس سے ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یہ تو ابتداء ہے یہ سلسلہ اب آئندہ 5 سالوں تک چلے گا۔چیئرمین ڈیڈاک نے کہا کہ عوام نے ہرقسم کے مشکلات اور دباؤ کے باوجود پی ٹی آئی کو ووٹ دے کر ہمیں مسند اقتدار تک پہنچایا اب ہر فیصلہ بھی عوام کا ہی ہو گا اور وہ اب اپنی مرضی سے ایک پائی بھی خرچ نہیں کریں گے اور نہ کوئی منصوبہ شروع کریں گے بلکہ ہر معاملے میں عوامی رائے کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔