پشاو ر (مانند نیوز) پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد بلال محمدزئی نے غلام مصطفیٰ ملک کی بطور فوکل پرسن وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز و مذہبی امور تقرری پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غلام مصطفیٰ ملک پارٹی کے ایک مخلص اور نظریاتی مسلم لیگی ہیں، جنہوں نے ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ کے اصولوں اور نظریات کی پاسداری کی ہے۔ ان کی بطور مرکزی سیکرٹری اطلاعات خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، اور ان کی تقرری نہ صرف پارٹی کے کارکنان کے لیے باعث فخر ہے بلکہ اس سے پارٹی کی بنیادیں مزید مضبوط ہوں گی۔محمد بلال محمدزئی نے کہا کہ غلام مصطفیٰ ملک جیسے مخلص اور تجربہ کار سیاستدان کی شمولیت وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز و مذہبی امور کے لیے ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غلام مصطفیٰ ملک نے ہمیشہ اپنے عمل اور خدمات کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہر سطح پر کیا گیا ہے۔انہوں نے غلام مصطفیٰ ملک کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو ان پر مکمل اعتماد ہے اور امید کی جاتی ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے ملک و قوم کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ محمد بلال محمدزئی نے اس موقع پر غلام مصطفیٰ ملک کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز و مذہبی امور میں نہ صرف شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ اوورسیز پاکستانیوں اور عوام کے مسائل کے حل میں بھی مدد ملے گی۔