کرم (مانند نیوز)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے واضح کیا ہے کہ ضلع کرم کے حوالے سے کوہاٹ میں ہونے والے 14 نکاتی معاہدہ کی ایک ایک شق پرمن وعن عملدرآمدہوگا اوراس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی تاہم اس کیلئے ہمیں سب کا تعاون درکارہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حسب وعدہ کرم میں قانون نافذ کرکے رہیں گے اورسب یہ نفاذہوتاہوا دیکھیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو بنکرزکی دوبارہ مسماری شروع کرنے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ ایک فریق نے پہلے ہی اپنا اسلحہ جمع کرنے کا پلان دیدیا ہے جبکہ دوسرے فریق کے پلان کا انتظار ہے لہٰذا وہ بھی اپنا پلان جمع کرائے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ہفتہ کے روز کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں گرینڈجرگہ اورامن کمیٹیوں کے اراکین اورضلع کرم کے مشران کے مشترکہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرجی او سی 9۔ڈویژن میجر جنرل ذولفقارعلی بھٹی اورکمشنرکوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ کے علاوہ سابق پارلیمنٹرینز،گرینڈ جرگہ کے ارکان اورعمائدین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرانسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان، ڈی آئی جی کوہاٹ عباس مجید مروت،ڈپٹی کمشنرکرم محمداشفاق،ڈپٹی کمشنرکوہاٹ عبدالاکرم اوردیگرمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے ضلع کرم میں دائمی امن کے قیا م کیلئے اب تک کئے گئے اقدامات پرتفصیلی روشنی ڈالی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے ضلع کرم میں امن کے قیام کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں اور شر پسندوں کو ہر صورت عوام سے الگ کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کرم میں جتنے بھی نقصانا ت ہوئے اس کا پورا پورا ازالہ کریں گے اوراس کیلئے پہلی ہی سروے مکمل ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ بگن میں پہلے مرحلے میں سکولوں، مساجد،دفاتر اوربنکوں کی بحالی پرکام شروع کردیاگیا ہے اورگھروں اورمارکیٹوں پر بھی جلدکام شروع کردیاجائیگا۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے کہا کہ ہم اورآپ ایک دوسرے سے کسی صورت الگ نہیں بلکہ ہم آپ سے اورآپ ہم سے ہیں لہٰذ ہمیں مل کرکرم میں دیرپا امن کے قیام کیلئے کام کرناہے۔ انہوں نے کہا گو کہ ضلع کرم میں لوگوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیاگیا ہے لیکن ہمیں آگے بڑھنے کیلئے آقائے دوجہاں خاتم النبین حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کو مد نظر رکھنا چاہیے۔چیف سیکرٹری نے گرینڈ جرگہ کوخاموش سپاہی قراردیتے ہوئے جرگہ کی کاؤشوں اورتعاون کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔