ملاکنڈ(مانند نیوز) صوبائی حکومت کے عوامی ایجنڈا کے تحت ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز حامد الرحمٰن نے عوام کے مسائل و مشکلات کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے ضلع ملاکنڈ کے دور افتادہ علاقے لیوی پوسٹ آگرہ تحصیل اتمانخیل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ، تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے آفسران و نمائندگان اور کثیر تعداد میں علاقے کے عوام نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں تفصیل سے عوام کے مسائل سنے گئے، جن میں زیادہ تر مسائل موقع پر حل کیے گئے، جبکہ باقی مسائل کے بروقت حل کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری میں موجود لوگوں کو یقین دلایا کہ کھلی کچہری میں پیش کیے گئے تمام مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے ہر ممکن عملی اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھلی کچہری میں ہونے والے فیصلوں پر ہر صورت عمل درآمد ہوگا اور اس سلسلے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔