ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد ایاز اور ریجنل ڈائریکٹر آپریشنز نارتھ ارشد اقبال کے ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ناصر خان کے زیر نگرانی ریسکیو 1122 ضلع ملاکنڈ نے جنوری 2025 کی ماہانہ ایمرجنسی رپورٹ جاری کر دی، ریسکیوکے ترجمان کے مطابق رواں ماہ مجموعی طور پر 436 ہنگامی واقعات میں ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں، جبکہ 418 افراد کو بروقت طبی امداد دے کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ایمرجنسی سروس میں 342 طبی (میڈیکل)کیسز، 51 ٹریفک حادثات، 22 آتشزدگی کے واقعات، اور 9 گولی لگنے یا تشدد کے کیسز رپورٹ ہوئے۔اس دوران 2 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دیگر 12 مختلف ریکوری آپریشنز میں مدد فراہم کی گئی۔اسی طرح ریفرل ایمرجنسی سروس میں 251 مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے منتقل کیا گیا، جن میں 72 کو ضلع کے اندر جبکہ 179 کو دیگر اضلاع میں بھیجا گیا۔تربیتی پروگرامز اور آگاہی مہمات میں ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے ٹریننگ ونگ نے عوامی خدمت کے لیے 06 تربیتی پروگرامز اور آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا، جن کے تحت 605 افراد کو ابتدائی طبی امداد اور آگ سے بچاؤ کی تربیت دی گئی۔ یہ اقدامات عوامی شعور بیدار کرنے اور ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کے لیے کیے گئے۔ریسکیو 1122 کو جنوری میں مجموعی طور پر 13,854 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 2,748 معلوماتی یا ڈراپ کالز تھیں، جبکہ افسوسناک طور پر 10,670 کالز غیر ضروری، جعلی یا بچوں کی جانب سے کی گئیں۔ریسکیو 1122 ضلع ملاکنڈ کے ضلعی آفیسر ناصر خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایمرجنسی ہیلپ لائن 1122 کا غیر ضروری استعمال نہ کریں تاکہ مستحق افراد کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو ٹیمیں ہر وقت عوام کی خدمت کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کریں گی۔