لاہور+پشاور( مانند نیوز)ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی نے کہاہے کہ 5فروری یومِ یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گی۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ بھارتی مظالم سے لہو لہان وادیِ کشمیر کے مظلوم عوام انصاف اور آزادی کے منتظر ہیں۔ مرکزی جمعیت سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ دن نہ صرف کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے بلکہ عالمی طاقتوں کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کا مقام ہے وہ کشمیری عوام کے حق میں اپنی خاموشی توڑیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا جو سلسلہ جاری ہے۔ اس قدر ظلم و بربریت کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابلِ قبول ہے۔ بیلٹ گنز سے معصوم بچوں کو نابینا کرنا،ماورائے عدالت قتل، خواتین کی عصمت دری اور اظہارِ رائے پر پابندیاں بھارتی جبر کی وہ سیاہ شکلیں ہیں جو اظہر من الشمس ہیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرے اور بین الاقوامی برادری کو بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے آگاہ کرے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیر کو اولین ترجیح دی جائے اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ مظلوم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی جنگ مثبت نتائج کے ساتھ اختتام پذیر ہو۔ پاکستان کے نوجوان اور طلبہ کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ان کے حق کے لیے ہر ممکن فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان اس جدوجہد میں کشمیری طلبہ کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں یقین دلاتی ہے کہ وہ کبھی تنہا نہیں ہوں گے۔ کشمیر کل بھی ہمارا تھا، آج بھی ہمارا ہے اور ان شاء اللہ، کل بھی ہمارا ہوگاکشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔