پشاور(مانند نیوز)خیبر پختونخوا میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا گیا، دن کا آغاز تلاوت کلام پاک اورکشمیری عوام کی جدوجہد کی کامیابی کی دعاؤں سے کیا گیا، صوبہ بھر میں عام تعطیل رہی اورکشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ڈویژن، اضلاع اور تحصیلوں کے مرکزی مقامات، چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں جلوس، ریلیوں اورتقاریب کا انعقاد ہوا جن میں مذہبی،سیاسی سماجی زعما، عمائدین، سرکاری افسران،اساتذہ کرام، طلبہ اورعوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس حوالے سے صوبائی سطح کی ایک بڑی ریلی صاحبزادہ عبدالقیوم روڈ پشاور سے نکالی گئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی،صوبائی وزراء، چیف سیکر ٹری،آئی جی پولیس،انتظامی سیکرٹریز،افسران، اساتذہ و طلبہ، صحافی برادری اورمختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے شروع ہو کر گورنر ہاؤس پر اختتام پزیر ہوئی۔ اس موقع پر کشمیر ی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ ریلی کے شرکاء نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے، کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ ختم کرنے اور وہاں کے عوام پر بھارتی افواج کے مظالم بند کر نے کے نعروں پر مبنی بینر ز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ریلی کے شرکاء نے بھارت کے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کے خلاف پر شگاف نعرے بلند کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عالمی برادری کو اپنی توجہ کشمیر پر مبذول کر تے ہوئے اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنا چاہئے کیونکہ دنیا کے امن اور استحکام کے لیے یہ مسئلہ ایک سنگین خطرہ ہے۔مقررین نے کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ مسلسل خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی اورکہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے ان کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھی جائے گی۔ مقررین نے کشمیری عوام کی جدوجہدکو بھی خراج تحسین پیش کیاجنہوں نے کئی دہائیوں کے جبر، بھارتی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو برداشت کیا اور اپنی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر صرف ایک دن نہیں بلکہ مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہد میں ساتھ دینے کی علامت ہے اوریہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کشمیر کے لوگ اپنے بنیادی حقوق اور آزادی کیلئے برسرپیکار ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھنا ہماری قومی و انسانی ذمہ داری ہے اور جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا اس وقت تک کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت جاری رہے گی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے