کوہاٹ (مانند نیوز)گورنمنٹ ہائی سکول کاغذئی کوہاٹ کی ہائی ٹو ہائیر سیکنڈری اپگریڈیشن کی افتتاحی تقریب سکول ہذا میں منعقد ہوئی جس میں سابق وزیر داخلہ و رُکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی، چیئرمین ڈیڈاک و ایم پی اے کوہاٹ شفیع جان، کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم بااللہ شاہ اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے مذکورہ سکول کے اپگریڈیشن کا افتتاح پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز اور علاقے کے مشران سے کروایا۔ اس سکول کے اپگریڈیشن پر3 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔افتتاحی تقریب میں اساتذہ کرام، طلباء، محکمہ تعلیم کے حکام، عمائدین علاقہ اور پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔مہمانان گرامی نے کہا کہ اس سکول کی اپگریڈیشن علاقے میں تعلیمی نظام کو مضبوط کرنے کی ایک اہم کڑی ہے۔ مقامی طلباء کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے سے ان کی تعلیمی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری کا عزم مصمم کیا ہوا ہے۔ صوبے بھر میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے اس طرح کے اہم منصوبے جاری رہیں گے۔