کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا” کے تحت ماہ رمضان المبارک کے تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں انتظامیہ، پولیس، پیسکو، گیس اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام محکموں اور اداروں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں اور متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ اس سلسلے میں حکومتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائی جائے۔اجلاس کو بتایاگیا کہ رمضان المبارک میں ہائی وے کے علاوہ ہسپتالوں سمیت مختلف مقامات پر5 رمضان دسترخوان لگائے جائیں گے۔اسی طرح سحری اور افطاری میں گیس اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت اور خودساختہ مہنگائی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں سمیت سیدھا جیل بھی بھیجا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ تمام بازاروں میں مانیٹرنگ ڈیسکس، کمپلینٹ سیلزاور پرائس چیکنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو پورے رمضان المبارک میں پوری طرح فعال رہے گی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو رمضان المبارک سے پہلے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف میگا کریک ڈاؤن شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔