جنوبی وزیرستان (مانند نیوز) یوتھ پارلیمنٹ کے رکن عامر سہیل داوڑ کی جراتمندانہ تقریر انہیں رکنیت سے ہاتھ دھونے پر مجبور کر گئی۔ شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے عامر سہیل نے اپنی تقریر میں مالی مشکلات کے باوجود باصلاحیت نوجوانوں کو درپیش رکاوٹوں پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک میں بے شمار باصلاحیت نوجوان صرف وسائل کی کمی کے باعث ایسے فورمز کا حصہ نہیں بن پاتے، جو قیادت کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ یوتھ پارلیمنٹ میں اپنی مدلل گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو محض سیاسی نعرے بازی کے لیے استعمال کرنے کے بجائے انہیں فیصلہ سازی اور پالیسی سازی میں شامل کیا جانا چاہیے، تاکہ وہ حقیقی معنوں میں قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ عامر سہیل داوڑ کی بے باک گفتگو نے نہ صرف یوتھ پارلیمنٹ میں ایک نئی بحث چھیڑ دی بلکہ ملک بھر میں نوجوانوں کے لیے مساوی مواقع کی فراہمی پر توجہ مرکوز کروا دی۔ تاہم، ان کی اس جرأت اور حق گوئی کے نتیجے میں یوتھ پارلیمنٹ نے ان کی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ سنا دیا، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سیاسی اور سماجی حلقے اس اقدام کو آزادی اظہار پر قدغن قرار دے رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ نوجوانوں کو اپنی آواز بلند کرنے کا پورا موقع دیا جائے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ایسے فیصلے نوجوان نسل کو قومی دھارے میں شامل ہونے سے روکنے کی کوشش کے مترادف ہیں۔ یہ واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل اب اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہی ہے اور قیادت کے روایتی تصورات کو چیلنج کر رہی ہے۔ عامر سہیل داوڑ جیسے نوجوان، جو حق اور سچ کی بات کرنے سے نہیں گھبراتے، ملک میں ایک نئی اور باصلاحیت قیادت کے ابھرنے کی نوید دے رہے ہیں۔