جنوبی وزیرستان (مانند نیوز) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر فضل ودود کے خلاف خبریں شائع کرنے پر مشتعل ہو کر ماتحت عملے کے ہمراہ محسود پریس کلب پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پریس کلب کی بیرونی دیوار منہدم کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق، چند روز قبل محسود پریس کلب کے صحافیوں نے قومی میڈیا پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر وزیرستان فضل ودود کے خلاف خبریں شائع کی تھیں، جن میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ ضلعی ہیڈکوارٹر لدھا میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے پشاور اور ضلع ٹانک سے دفتر کے امور ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلا رہے ہیں۔ اس تنقید پر برہم ہو کر، فضل ودود نے اپنے ماتحت اہلکاروں کے ہمراہ محسود پریس کلب پر دھاوا بول دیا، پریس کلب کی دیوار گرا دی اور صحافیوں کو زدوقوب سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ جس پر پریس کلب کے جنرل سیکرٹری وسیم محسود نے اس واقعے کے خلاف ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو تحریری شکایت جمع کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق، فضل ودود لدھا ہیڈکوارٹر میں ڈیوٹی دینے سے گریزاں ہیں اور مبینہ طور پر صحافیوں کے ساتھ تنازعہ پیدا کر کے میڈیا میں خبریں چلا کر اپنے تبادلے کے لیے راہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ درین آثناء، قبائل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر آور دین محسود نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ افسر کو معطل کرکے انکوائری کمیٹی تشکیل دینے سمیت فضل ودود کق تبدیل کرنے کی بجائے لدھا ہیڈکوارٹر میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل حل ہو سکیں۔