باجوڑ (مانند نیوز)حکومت خیبر پختونخوا کے ”عوامی ایجنڈا” کے تحت ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علی رضا کے ہمراہ سنو ریڈیو ایف ایم 89.4 پر ریڈیو کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ پروگرام کے آغاز میں شہریوں کو کھلی کچہری کے اغراض و مقاصد اور بذریعہ کال اپنی شکایات و تجاویز درج کرانے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ شہریوں نے مختلف مسائل، بشمول امن و امان، چارمنگ سکول میں اساتذہ کی کمی، چارمنگ ہسپتال میں ایمبولینس سروس کو دوبارہ شروع کرانے، انزی روڈ کی تکمیل، اشیائے خوردونوش کے نرخ و معیار، صفائی، متاثرین کی امداد، نادرا موبائل سروس، بی آئی ایس پی اور دور دراز علاقوں میں موبائل فون سروس کی عدم دستیابی کے مسائل پیش کیئں۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے موقع پر ہی کئی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو باضابطہ کاروائی کی ہدایت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سنو ریڈیو ایف ایم 89.4 کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کے دوران پیش شدہ مسائل کے حل کے لیے بروقت اقدامات عمل میں لائے جائینگے اور کھلی کچہریوں کا یہ سلسلہ اس طرح جاری رکھا جائے گا تاکہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے کم کئے جائیں اور ان کے مسائل کو حل کیا جاسکے۔